کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ کے سینئر وزیر ڈمپر مافیا کے سرغنہ سے ملاقات کرکے انہیں نقصان کی فوری ادائیگی کی یقین دہانی کر رہے ہیں، جبکہ ڈمپر کے نیچے کچلے جانے والے جاں بحق افراد کے ورثاء کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، جو نسلی امتیاز کی بدترین مثال ہے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام معرکہ حق و یوم آزادی کرکٹ ٹورنامنٹ، ایف سی ایریا اسکول فاتح قرار
انہوں نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرنے اور مقدمہ درج کرنے کے بجائے، پیپلز پارٹی ڈمپر مافیا کو خوش کرنے کے لیے مہاجر نوجوانوں پر جھوٹے مقدمات قائم کر کے بھیڑ بکریوں کی طرح گرفتار کر رہی ہے۔ پی پی تھانوں اور عدالتوں کو مہاجر عوام کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کرے اور گرفتار شہریوں کو فوری رہا کیا جائے۔
آفاق احمد نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی اور ڈمپر مافیا کے گٹھ جوڑ سے واقف ہے اور مہاجر نوجوانوں کو متعصب حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مہاجر لیگل فورم اور کراچی کے تمام وکلاء سے اپیل کی کہ گرفتار نوجوانوں کے مقدمات کی پیروی کریں اور ان کی جلد رہائی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کے اس بیان کی بھی مذمت کی، جس میں کہا گیا تھا کہ "علاقہ مکینوں کا مائنڈ سیٹ ہے کہ حادثہ ہوتے ہی ڈمپر جلا دیتے ہیں”۔ آفاق احمد نے کہا کہ پولیس افسر کو اپنی حدود میں رہ کر ذمہ داری ادا کرنی چاہیے اور عدالت لگانے یا فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ آئی جی سندھ کو اس بیان کا نوٹس لینا چاہیے۔
سینئر وزیر کے بیان "اب پرانا دور واپس نہیں آنے دیں گے” پر ردعمل دیتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ پرانا دور ہم نے دفن کیا ہے، اب سندھ کے شہری عوام اور نوجوانوں نے نئے دور کا آغاز کیا ہے، جہاں برداشت کے بجائے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھائی چارگی اور اخوت پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر دھمکیاں دی گئیں اور حکومت نے نوٹس نہ لیا تو عوام خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ اپنا دفاع کرے گی۔
