سکھر (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے زیرِ اہتمام "معرکہ حق” 78ویں جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں گرینڈ میوزیکل کانسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ، صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ سمیت سیاسی، سماجی و ثقافتی شخصیات اور بڑی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے۔
شاہراہ نور جہاں پولیس کی اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد
کانسرٹ میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان، عاصم اظہر، بلال سعید، حاوی، ینگ اسٹنرز اور شائنہ علی نے شاندار پرفارمنس پیش کی، جبکہ اسٹیڈیم "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھا۔ شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ سکھر کا جوش و ولولہ قابلِ دید ہے، سندھ حکومت کی کاوشوں سے یہ میگا کانسرٹ منعقد ہوا جو حیدرآباد میں بھی ہو چکا ہے اور 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم محبت کرنے والے لوگ ہیں اور سکھر کی عوام مہذب اور پرجوش ہے۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پاک فوج نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیت منوائی اور نوجوان ہی پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سکھر کی عوام امن اور محبت کی سفیر ہے۔
تقریب کے اختتام پر شاندار آتشبازی سے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

