کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کیماڑی کے زیرِاہتمام اتوار کو جشنِ آزادی اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی مناسبت سے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم تھامے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کی، جبکہ کیماڑی کے صدر و وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی لیاقت آسکانی، ایم پی اے آصف خان، ٹاؤن ناظم ہمایوں خان اور دیگر رہنماء بھی شریک تھے۔
خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحت جشنِ آزادی اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی تقریبات یکم اگست سے جاری ہیں اور 14 اگست تک بھرپور جوش و جذبے سے منائی جائیں گی۔ اس بار روایتی نہیں بلکہ 14 روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو معرکۂ حق میں شکست دے کر دنیا کو حیران کر دیا۔ ہماری افواج نے بھارت کے دفاعی نظام کو تباہ کر کے اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ آج بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، جبکہ پاکستانی قوم متحد ہو کر جشن منا رہی ہے۔
سعید غنی نے بتایا کہ 12 اگست کو مزارِ قائد پر لیزر لائٹ شو، 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم میں میوزیکل کنسرٹ اور 14 اگست کو مزارِ قائد پر جشنِ آزادی و معرکۂ حق کا بڑا ایونٹ منعقد ہوگا۔
لیاقت آسکانی نے کہا کہ ہم جشنِ آزادی اور معرکۂ حق بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔ ہماری مسلح افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھارت کو شکست دی اور بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب سفارتکاری سے دنیا کو بتایا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔
