کراچی — راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق جبکہ والد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی۔ پولیس نے ڈمپر ڈرائیور سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 14 سالہ احمد رضا اور 22 سالہ ماہ نور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ متاثرہ خاندان ملیر میں تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے بعد شہری مشتعل ہو گئے اور ڈمپر ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کنٹرول کیے۔
صدر ڈمپر ایسوسی ایشن لیاقت محسود نے ڈمپر جلانے کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیا اور سپر ہائی وے و نیشنل ہائی وے بند کرنے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ڈمپرز کو آگ لگانے کے الزام میں 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔