اسلام آباد: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکی کی مسلح افواج کی جانب سے دفاعی تعلقات اور بحری تعاون کو فروغ دینے پر اعلیٰ اعزاز ’’لیجن آف میرٹ‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ترک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ایرچومنٹ تاتلی اوغلو نے انقرہ میں ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کیا۔
Karachi Family’s Heartbreaking Tragedy – Son Missing After Kachura Accident
ایڈمرل نوید اشرف کے ترکی پہنچنے پر ترک بحریہ کے ہیڈکوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے بحری افواج کے سربراہان کے درمیان پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور باہمی تعاون میں اضافے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دورے کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے ترک وزیر دفاع یاسر گلر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل متین گوراک اور ترک بحری بیڑے کے سربراہ ایڈمرل قادر یلدیز سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے مشترکہ مشقوں، باہمی دوروں اور تربیتی و تبادلہ پروگراموں میں اضافے پر زور دیا۔
ترک دورے میں ایڈمرل نوید اشرف نے استنبول نیول شپ یارڈ کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے ملگم منصوبے پر بریفنگ لی۔ انہوں نے گولجک نیول بیس میں آبدوز ڈیزائن اور تعمیراتی سہولیات کا معائنہ کیا، ترک بحری جہاز ٹی سی جی اوروچ رئیس اور ایس/ایم پیری رئیس کا بھی دورہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ترک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اور بانیٔ ترکی مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر پھول چڑھائے۔
ماہرین کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

