کراچی، 7 اگست 2025: پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام کراچی اور پورٹ قاسم میں دو روزہ پورٹ سیکیورٹی اینڈ ہاربر ڈیفنس ایکسرسائز کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔
مودی نے جنرل عاصم منیر کے خوف سے ٹرمپ کی دعوت رد کی، امریکی اخبار بلوم برگ کا بڑا دعویٰ
اس مشق کا بنیادی مقصد پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانا، دفاعی حکمت عملی کو مؤثر بنانا، اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور رابطے کو فروغ دینا تھا۔
مشق کے دوران مختلف منظرنامے تشکیل دیے گئے، جن کے ذریعے کوسٹل کمانڈ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA)، کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہم آہنگ تیاری اور فوری ردعمل کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
مشق میں شریک اداروں نے مشکل حالات میں مؤثر اور مربوط کارروائیوں کی مشق کی۔ ان مشقوں کا مقصد بحری تنصیبات کو ممکنہ خطرات سے بچانے، ان کی بروقت نشاندہی اور فوری تدارک کو یقینی بنانا تھا۔
اس دوران کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز اور مواصلاتی روابط کو مربوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موثر اور فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
یہ مشق پاک بحریہ اور متعلقہ اداروں کے غیرمتزلزل عزم، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بحری اثاثوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔ مشق کا انعقاد ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ اور بندرگاہی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

