کراچی (کرائم رپورٹر) — ملیر سٹی پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی تھانہ ملیر سٹی کی حدود میں عمل میں لائی گئی جہاں سے سکندر اور عبدالطیف نامی دو ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان کراچی کے مختلف تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جن میں شہریوں سے لوٹ مار، موبائل فون اور نقدی چھیننے کے واقعات شامل ہیں۔
پولیس نے ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحہ کو فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا ہے جبکہ ان کا مکمل کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
