بھارتی پروازوں پر فضائی پابندی سے سول ایوی ایشن کو 4 ارب 10 کروڑ کا نقصان، خواجہ آصف کا انکشاف

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر): وزیرِ دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی پروازوں پر فضائی حدود کی پابندی کے باعث پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کو 4 ارب 10 کروڑ روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

شاہ لطیف کے عرس پر 9 اگست کو سندھ کی تمام عدالتوں میں تعطیل کا اعلان

قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ یہ پابندی 24 اپریل سے 30 جون 2025 تک نافذ رہی، جس کے دوران یومیہ 100 سے 150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے۔ پابندی کے اثرات کے باعث پاکستان کی مجموعی فضائی ٹریفک میں بھی 20 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ بھارتی طیاروں کے سوا پاکستان کی فضائی حدود تمام دیگر ایئرلائنز کیلئے کھلی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور قومی سلامتی سے متعلق فیصلے کسی مالی نقصان سے بالاتر ہیں۔

وزیرِ دفاع نے باور کرایا کہ موجودہ صورتحال میں بھارتی طیاروں پر پابندی ریاستی مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری ہے، تاہم دیگر ممالک کی ایئرلائنز کو پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کی مکمل اجازت ہے۔

پس منظر:
یہ اقدام بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور دیگر سرحدی معاملات پر کشیدگی کے تناظر میں لیا گیا، جس کے باعث پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی تھیں۔

One thought on “بھارتی پروازوں پر فضائی پابندی سے سول ایوی ایشن کو 4 ارب 10 کروڑ کا نقصان، خواجہ آصف کا انکشاف

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!