پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ایک بار پھر مشترکہ انٹیلی جنس کارروائی کے دوران بین الاقوامی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی بحیرہ عرب میں کی گئی، جہاں سے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔
بلوچستان کے متعدد اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس 15 اگست تک معطل رہنے کا امکان
ترجمان کے مطابق ضبط کی گئی منشیات میں 1100 کلوگرام چرس، 50 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ)، اور 100 کلوگرام ہیروئن شامل ہیں۔ یہ منشیات بحیرہ عرب کے راستے بین الاقوامی منڈیوں میں اسمگل کی جا رہی تھیں۔
ضبط شدہ تمام منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان بحریہ اور اے این ایف کے درمیان جاری انٹیلی جنس اشتراک اور تعاون کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد ساحلی اور بحری حدود میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔ ترجمان کے مطابق، اس کامیاب آپریشن سے ایک بار پھر ظاہر ہوتا ہے کہ پاک بحریہ قانون کی حکمرانی کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہے۔
بیان میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ 2023 میں بھی پاک بحریہ اور اے این ایف نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران تقریباً 3 ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھیں۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی سمندری حدود میں منشیات کی اسمگلنگ سمیت تمام غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔
