کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے جشنِ آزادی کے موقع پر "معرکۂ حق” کے عنوان سے خصوصی تقریبات کے اعلان کے بعد محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ نے زبردست عوامی شرکت کو فروغ دینے کے لیے انعامی اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
محکمہ ثقافت و سیاحت کے مطابق، جشنِ آزادی کے موقع پر بہترین ملی نغمہ پیش کرنے والے گلوکار، اور بہترین سجاوٹ والے گھر، دکان، گاڑی یا عمارت کے مالکان کو سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی انعامات دیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس اقدام کو "قومی یکجہتی، حب الوطنی اور فن کے فروغ کی جانب عملی قدم” قرار دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق:
-
معروف گلوکاروں اور موسیقاروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو فیصلہ کرے گی کہ سب سے بہترین ملی نغمہ یا دھن کس گلوکار/موسیقار کی جانب سے پیش کی گئی۔
-
صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کو خط کے ذریعے اختیار دیا گیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے لیے ایک باوقار کمیٹی تشکیل دیں۔
-
اس حوالے سے ڈائریکٹر آرکائیوز سندھ ہدایت اللہ راجڑ کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔
-
صوبے بھر کے تمام کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ضلعی سطح پر ایسی کمیٹیاں تشکیل دیں جو سجاوٹ کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کا انتخاب کریں۔
-
شہری اپنے سجائے گئے گھر، گاڑی، دکان یا عمارت کی ویڈیوز مخصوص واٹس ایپ نمبر پر بھیج سکیں گے، جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ "ہم جشنِ آزادی کو قومی جوش و جذبے سے منائیں گے۔ پوری قوم دشمن کو یہ پیغام دے گی کہ معرکۂ حق میں ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔”
ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، ثقافتی شناخت اور تخلیقی اظہار کو فروغ دینا ہے۔
