لاہور: سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست کا دن معرکۂ حق، قربانی اور وطن سے غیر متزلزل عزم کی تجدید کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان محض ایک ریاست نہیں، بلکہ ہمارے آباؤ اجداد کے خون، جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کی داستان کسی طور آسان نہیں تھی۔ تقسیمِ ہند کے وقت نہ صرف مالی وسائل روکے گئے، بلکہ اس وقت کے ہندوستانی قائدین کی تنگ نظری بھی آشکار ہوئی۔ "برطانیہ کے چھوڑے گئے مالی اثاثے پاکستان کو نہ دینا بھی ایک المیہ تھا، جس پر گاندھی کو مرن برت کی دھمکی دینا پڑی،” شامی نے یاد دلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے بعد پاکستانی قوم نے جس جذبے اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہی ہماری اصل طاقت ہے، جس نے ملک کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا۔ یہی جذبہ آج بھی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کی قوت بخشتا ہے۔
مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی حیثیت کو تسلیم کیا، اور یہ ملک آج بھی دشمنوں کے لیے باعثِ تشویش ہے، کیونکہ یہ نظریہ، خودداری اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی پر ہمیں یہ عہد تازہ کرنا ہوگا کہ وطنِ عزیز کے دفاع، ترقی، نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور قومی وحدت کے لیے ہم یکسو اور پُرعزم رہیں گے۔
