کراچی — وزیرِ اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کی جانب سے کراچی سرکلر ریلوے (KCR) کے منصوبے پر پیش رفت کی کوششوں کو خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اس اہم منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا دورۂ پاکستان: باہمی تعلقات میں نئی جہت، اہم معاہدے طے
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کے سی آر کی بحالی و تعمیر کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) سمیت دیگر بین الاقوامی شراکت داروں سے مسلسل رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں حکومت سندھ کے سی آر کی ہر صورت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کر لیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پاکستان ریلویز کے ساتھ مل کر کے سی آر منصوبے پر پیش رفت کو تیز کرے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس سہولت سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے 2.5 کروڑ شہریوں کے لیے کے سی آر ایک اہم ٹرانزٹ سہولت ثابت ہوگا جو ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
شرجیل انعام میمن نے سینیٹ کمیٹی کی تجاویز کو بھی قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جلد تمام رکاوٹیں دور ہوں گی اور منصوبے پر عملی کام کی رفتار میں تیزی آئے گی۔
