کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب صرف دیہی نہیں بلکہ شہری علاقوں، خصوصاً کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ اور لاڑکانہ سمیت تمام بڑے شہروں کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی سمیت صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کر رہی ہے، جن میں پانی، سیوریج، کھیل، تعلیم اور کمیونٹی کی سہولیات شامل ہیں۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ، تیل، توانائی، آئی ٹی اور کرپٹو میں تعاون کا نیا دور شروع
یہ بات انہوں نے اتوار کو ملیر یونین فٹبال اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ ارکان سندھ اسمبلی، ملیر کے چیئرمینز، منتخب نمائندے اور پیپلز پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
سعید غنی نے بتایا کہ صرف ملیر میں تین بڑے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں فٹبال اسٹیڈیم، کمیونٹی سینٹر اور دیگر عوامی سہولیات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملیر کے عوام کو کھیل، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کے فور منصوبے کی تاخیر پیپلز پارٹی کی وجہ سے نہیں بلکہ وفاقی حکومتوں کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ہوئی۔ “2018 میں جب میں وزیر بلدیات تھا تو کے فور منصوبے میں پمپنگ اسٹیشنز اور بجلی کے انفرااسٹرکچر کا ذکر تک نہیں تھا، جو اس کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔”
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کام شروع ہوا، عمران خان کے دور میں بغیر تحقیق کرپشن کا الزام لگا کر منصوبہ روک دیا گیا، اور اب مسلم لیگ ن کی حکومت میں دوبارہ کام شروع ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کے فور کے ذریعے پانی کراچی تک لانے پر 70 ارب روپے خرچ ہوں گے، جبکہ حب کینال سے 14 اگست سے پانی کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی۔ وفاق سے حب ڈیم کے پانی کا کوٹہ بڑھانے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ شارع بھٹو ایسا منصوبہ ہے جو کراچی کے چار اضلاع کو جوڑتا ہے اور اس کا آخری فیز دسمبر تک مکمل ہوگا۔ قائدآباد پل پر کام جاری ہے اور جلد مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے کراچی سمیت تمام شہری علاقوں میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں، اور آج پورے سندھ کے تمام میئرز پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ "ہم نے ان علاقوں میں بھی اربوں کے منصوبے مکمل کیے جہاں ہمارا کوئی کونسلر تک نہیں جیتا تھا، یہ ہمارے کام کا ثبوت ہے۔”
سعید غنی نے کہا کہ جشن آزادی 14 اگست کو اس بار "معرکہ حق” کے عنوان سے بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ “ہماری فوج نے سرحدوں پر اور چیئرمین بلاول بھٹو نے سفارتی محاذ پر بھارت کو بے نقاب کیا۔”
