لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کے چھٹے طاقتور اسپیل کے پیش نظر صوبے بھر کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 4 سے 7 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جب کہ مغربی ہوائیں بھی مون سون سسٹم میں شامل ہو رہی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد سمیت لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور اوکاڑہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
جبکہ 5 اگست کو ڈی جی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، لودھراں اور راجن پور میں بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ 5 سے 7 اگست کے دوران مری، گلیات اور راولپنڈی سمیت متعدد اضلاع میں فلیش فلڈنگ جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
بیان کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں جولائی کے دوران 25 فیصد زائد بارشیں ہوئیں، جب کہ اگست میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع ہے۔
