قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پاک-مصر دفاعی و سلامتی مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کی۔
ملیر سٹی پولیس کی کارروائی: خود کو اہلکار ظاہر کر کے لوٹ مار کرنے والا ملزم گرفتار
دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، سیکیورٹی شراکت داری اور علاقائی استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس نے مصر کے وزیر دفاع اور دفاعی پیداوار اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل عبدالمجید احمد سقر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مشقوں کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سوئز کینال اتھارٹی کے چیئرمین ایڈمرل اسامہ منیر محمد ربیع سے بھی ملاقات کی اور عالمی بحری تجارت میں سوئز کینال کی اسٹریٹیجک اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
بعد ازاں جنرل مرزا نے جامعۃ الازہر کے مفتی اعظم ڈاکٹر احمد الطیب سے بھی ملاقات کی اور بین المذاہب ہم آہنگی، مسلم امہ کے اتحاد اور علم و اعتدال پر مبنی مکالمے کے فروغ پر گفتگو کی۔
یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان دفاعی و مذہبی تعلقات کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
