کراچی (رپورٹ: نمائندہ خصوصی) واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر طے شدہ مینٹیننس کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ بجلی کی بحالی کے بعد شہر کو دھابیجی سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
کراچی میں پاکستان کسٹمز کی بڑی کارروائی ایک ارب سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ و مضر صحت اشیاء نذر آتش
ترجمان نے بتایا کہ یہ شٹ ڈاؤن کے الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر گرڈ سسٹم آپریشنز کی درخواست پر کیا گیا تھا۔ اسی طرح حب رائزنگ مین کی متاثرہ لائن کی مرمت کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد حب پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ مرمتی کام میں معمولی تاخیر ضرور ہوئی، تاہم یہ تاخیر تکنیکی بنیادوں پر کی گئی تاکہ لائن کو زیادہ پائیدار اور مضبوط بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے تحت چار اضافی کالرز نصب کیے گئے، جن سے لائن کی کارکردگی کو طویل مدتی بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مرمت کے دوران پانی کی نکاسی (ڈی واٹرنگ) کے عمل نے بعض مراحل میں رکاوٹ ضرور ڈالی، تاہم واٹر کارپوریشن کی تکنیکی ٹیم نے تمام چیلنجز کے باوجود مرمتی کام کامیابی سے مکمل کر لیا۔
