ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے آل سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ کی سربراہی میں سات رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں شہر میں امن و امان، اسٹریٹ کرائم اور سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کراچی بین الصوبائی اسمگلر گرفتار 60 لاکھ روپے مالیت کی منشیات برآمد
تاجر وفد نے کراچی میں پولیس کی جانب سے جرائم پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس چیف کی کارکردگی کو سراہا۔
وفد نے مختلف تجارتی علاقوں میں جرائم، پولیس کے ردعمل کے وقت، اسٹریٹ کرائم میں اضافے اور تاجر برادری کو درپیش خطرات سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور پولیس فورس شہریوں خصوصاً کاروباری طبقے کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر حکمت عملی اختیار کرے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس پر تاجر رہنماؤں نے پولیس چیف کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

