کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے گٹکا ماوا بنانے والی خفیہ فیکٹری پر کامیاب چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں مضر صحت مواد برآمد کر لیا جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بولٹن مارکیٹ کراچی میں ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی کا ملزم گرفتار
ترجمان ایس ایس پی کورنگی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مکان نمبر 747، سیکٹر 31-C/2، کورنگی پر چھاپہ مارا۔ مذکورہ مکان کو گھر کی آڑ میں غیر قانونی فیکٹری میں تبدیل کیا گیا تھا جہاں مضر صحت گٹکا اور ماوا تیار کیا جا رہا تھا۔
چھاپے کے دوران دو ملزمان محمد عرفان ولد محمد رمضان اور احمد رضا ولد نوید شوکت کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موقع سے گٹکا ماوا بنانے کا بھاری سامان قبضے میں لیا گیا، جس میں درج ذیل اشیاء شامل ہیں:
16 بورے گٹکے کے ریپر, 4 بوتلیں آئل برنگ یلو، 4 ربڑ کے پیکٹ، 4 کلو جیلانی پاؤڈر، 16 کلو کھلا تمباکو، 7 عدد زعفرانی پاؤڈر پیکٹ، 12 کلو مختلف اقسام کی تمباکو پتیاں، 130 کلوگرام چھالیاں (10 بورے)، 190 کلوگرام خشک چونا (10 بورے)، 1150 تیار شدہ ماوا کی پڑیاں، 60 کلو تیار ماوا، نیلے رنگ کے ڈرم میں گیلا چونا پلاسٹک کے 4 ٹب، 6 جالی دار ٹوکریاں، ایک عدد سیاہ رنگ کا ڈلیوری بیگ، ایک ڈیجیٹل کانٹا، ایک عدد چمچہ
گرفتار ملزمان کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا اور ایسی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
