کراچی: ضلع ملیر کے علاقے گلشن حدید فیز ون میں واقع مارکیٹ میں تالا توڑ گینگ کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جس میں پانچ رکنی گروہ نے رات کی تاریکی میں پانچ دکانوں کا صفایا کر دیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے واردات کے آغاز میں مارکیٹ کے سیکیورٹی گارڈ کو قابو میں لے کر رسیوں سے باندھ دیا اور ایک طرف ڈال دیا، تاکہ مزاحمت نہ ہو سکے۔ اس کے بعد گروہ نے منظم طریقے سے مارکیٹ میں موجود پانچ دکانوں کو نشانہ بنایا۔
متاثرہ دکانوں میں موبائل فون کی شاپ، سنار کی دکان، اور کریانہ اسٹور شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق، ملزمان دکانوں میں موجود کیش، قیمتی موبائل فونز، سونا، اور دیگر اشیاء لے اڑے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی واردات کی اطلاع ملی، فوری طور پر نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق، نقصان کی مالیت کا تعین متاثرہ دکانداروں سے تفصیلی معلومات کے بعد کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

