کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سینئر افسر ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب نے سول اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی کی جانب سے کیے گئے ایک اہم آپریشن میں دو خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی کشیدگی 35 ہلاک امن مذاکرات آج ملائیشیا میں
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں ایک کی شناخت زعفران کے نام سے ہوئی ہے، جس کے سر کی قیمت حکومت نے 2 کروڑ روپے مقرر کی ہوئی تھی، جبکہ دوسرے دہشتگرد کا نام قدرت اللہ بتایا گیا ہے۔
ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب کے مطابق، ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک خودکش حملہ آور تھا، جو گزشتہ برس چینی شہریوں پر حملے میں ملوث رہا ہے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے خودکش جیکٹس، دستی بم، اور ایک ڈائری بھی برآمد ہوئی ہے، جس میں مختلف ٹارگٹس کی تفصیلات درج تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دہشتگرد جس مکان میں چھپے ہوئے تھے، وہاں موجود تمام دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ مکان کے مالک کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں اور اس سے متعلق تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
سی ٹی ڈی کا یہ کامیاب آپریشن کراچی میں دہشتگردی کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
