کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایس ایس پی ضلع وسطی ذیشان شفیق صدیقی کی زیر صدارت پولیس کانفرنس روم میں ایک اہم جنرل میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پی لیاقت آباد، ایس پی گلبرگ ڈویژن، تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور برانچ انچارجز نے شرکت کی۔
تھائی لینڈ نے کمبوڈیا سے متصل 8 سرحدی اضلاع میں مارشل لا نافذ کر دیا
اجلاس کے دوران ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے ضلع میں امن و امان کی بہتری، جرائم کی روک تھام اور مؤثر پولیسنگ سے متعلق اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نشہ آور اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایس ایس پی نے اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں تاکہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے ضلع وسطی میں وہیکیولر کرائم، خصوصاً کار چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے جدید اور ٹیکنیکل حکمت عملی اختیار کرنے کی تاکید کی۔ جرائم پیشہ عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور ان کی فوٹیجز کے بروقت حصول کے لیے تھانوں کی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ جرائم کی تفتیش میں مدد حاصل ہو سکے۔
ایس ایس پی ضلع وسطی نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کریں، قانون کی رٹ قائم کریں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔
ترجمان: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی

