کراچی: معروف گلوکار، موسیقار اور اسٹرنگز بینڈ کے سابق رکن بلال مقصود بچوں کے لیے تیار کردہ تعلیمی و تفریحی شو "پکے دوست” کے تیسرے سیزن کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ان کا مقصد پاکستانی بچوں میں اردو زبان سے محبت اور مقامی ثقافت سے جڑت پیدا کرنا ہے۔
انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں بلال مقصود نے بتایا کہ اس شو کے ذریعے وہ بچوں کو اردو زبان کے قریب لانا چاہتے ہیں، تاکہ بچے اردو بولنے میں جھجک محسوس نہ کریں بلکہ فخر سے اپنی قومی زبان اپنائیں۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ’پکے دوست‘ ضرور دکھائیں، کیونکہ یہ نہ صرف تعلیمی اور تفریحی مواد پر مبنی ہے بلکہ اردو زبان اور ثقافت کی ترویج کا اہم ذریعہ بھی ہے۔
بلال مقصود کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا کے زیر اثر آج نہ صرف بچے بلکہ والدین بھی اردو سے دور ہوتے جا رہے ہیں، اور انگریزی کو فوقیت دینے لگے ہیں، جس سے مقامی شناخت کو خطرہ لاحق ہے۔ ان کے مطابق "پکے دوست” کا مقصد اس رجحان کو روکنا اور نئی نسل کو اپنی زبان و تہذیب سے دوبارہ جوڑنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج کے دور میں بچوں کا اسکرین سے دور رہنا ممکن نہیں، مگر والدین یہ ضرور دیکھ سکتے ہیں کہ بچے کیا دیکھ رہے ہیں۔ اس تناظر میں ’پکے دوست‘ ایک مثبت، مقامی اور معیاری متبادل فراہم کرتا ہے۔
’پکے دوست‘ میں رنگا رنگ گانے، موسیقی کے سیشن، اور دلچسپ پپٹ کردار شامل ہوتے ہیں، جو بچوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ اخلاقی، تہذیبی اور لسانی تعلیم بھی فراہم کرتے ہیں۔ بلال مقصود کا کہنا ہے کہ اس شو میں ان کے 33 سالہ موسیقی کے تجربے کا نچوڑ شامل ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اسٹرنگز بینڈ کے اختتام کے بعد بچوں کے لیے معیاری اردو مواد کی تخلیق ان کی زندگی کا نیا مشن بن چکا ہے، اور ’پکے دوست‘ ان کی نئی پہچان ہے۔
بلال مقصود نے آخر میں اپنے پرانے مداحوں سے اپیل کی کہ جس طرح وہ ان کی موسیقی کا ساتھ دیتے رہے، اسی طرح اس اہم مقصد میں بھی ان کا ساتھ دیں اور بچوں کو یہ شو دکھائیں۔
