کراچی: آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے اعلیٰ سطحی وفد نے سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی کر رہے تھے۔
سبی میں ریلوے ٹریک پر دھماکا، بولان میل کی بوگی متاثر
ملاقات میں وفد نے اخباری صنعت کو درپیش سنگین مسائل، مالی مشکلات، پرنٹ میڈیا کے کم ہوتے ہوئے حجم اور علاقائی و لسانی اخبارات کی اہمیت پر زور دیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اس سلسلے میں فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
شرجیل انعام میمن نے وفد کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت آزادی صحافت، اخبارات کے مثبت کردار اور عوام کو درست معلومات فراہم کرنے میں ان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا معاشرے میں شعور اجاگر کرنے، فیک نیوز کے خلاف حقائق پر مبنی معلومات دینے اور عوامی رائے عامہ ہموار کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ اخباری صنعت کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ میڈیا ادارے مستحکم ہو سکیں۔
