ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچ عوام پاکستان کے ساتھ تاریخ، مذہب، ثقافت اور روایت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، اور مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان و بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے یہ بات لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دورے کے دوران طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
یونیورسٹی پہنچنے پر طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا، اور انٹرایکٹو سیشن میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنز سے متعلق متعدد سوالات کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس موقع پر آپریشن ’بنیان المرصوص‘ میں پاک افواج کی حکمت عملی، قربانیوں اور کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں عوام بالخصوص نوجوانوں کی حمایت نے کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ سے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کے ہر کونے کی سلامتی اور ترقی کے لیے پرعزم ہے، اور دشمن کے عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے بھی افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور آپریشن ’بنیان المرصوص‘ کو ملکی دفاع کی تاریخ کا اہم باب قرار دیا۔ انہوں نے ایسے مزید انٹرایکٹو سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار بھی کیا تاکہ نوجوان نسل دفاعی اُمور سے بہتر طور پر آگاہ ہو سکے۔
