کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں بے لگام ہو چکی ہیں۔ کورنگی کے علاقے بھٹائی آباد گراؤنڈ کے قریب واقع سونار کی دکان کو دن دہاڑے مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین مسلح ملزمان کپڑوں کے تھیلے لیے دکان میں داخل ہوتے ہیں۔ ایک ڈاکو باہر کھڑا ہوکر صورتحال پر نظر رکھتا ہے جبکہ باقی دو دکان کے اندر موجود عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر زیورات کا شوکیس خالی کر لیتے ہیں۔
فوٹیج کے مطابق چند منٹوں میں واردات مکمل کی گئی اور ڈاکو تقریباً 20 تولے سے زائد سونا اور دو قیمتی موبائل فونز لے کر باآسانی فرار ہو گئے۔ متاثرہ دکاندار کے مطابق واردات نہایت اچانک اور خوفناک تھی، ملزمان نے عملے کو مکمل قابو میں رکھا اور مزاحمت کی کوئی گنجائش نہ چھوڑی۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، مقدمہ درج کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
