راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں گاڑی سمیت نالے میں بہہ جانے والے باپ اور بیٹی کی تلاش دوسرے روز بھی جاری ہے۔ ریسکیو حکام نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس کے لیے تین علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
چین میں امریکی اہلکار کو ملک چھوڑنے سے روکا گیا، واشنگٹن نے تحفظات کا اظہار کر دیا
ذرائع کے مطابق پہلی ٹیم جائے وقوعہ سے سواں پل (جی ٹی روڈ) تک پانی کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ تلاش میں مصروف ہے، جبکہ دوسری ٹیم سواں پل سے اُلٹی سمت (آپ سٹریم) میں سرچ آپریشن کر رہی ہے۔ تیسری ٹیم نے سواں پل سے گورکھپور کی جانب (ڈاؤن سٹریم) سرچ اور ریسکیو کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ نالے کے تمام اطراف سے ممکنہ شواہد یا لاپتہ افراد تک رسائی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ امدادی ٹیموں کو گزشتہ شب اندھیرے کے باعث آپریشن عارضی طور پر روکنا پڑا تھا، جس کے بعد آج علی الصبح دوبارہ سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔
ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور کسی بھی ممکنہ اطلاع کی فوری فراہمی یقینی بنائیں تاکہ لاپتہ افراد کی جلد از جلد تلاش ممکن ہو سکے۔
