سندھ زرعی انکم ٹیکس 2025 کے ڈرافٹ پر ذیلی کمیٹی کا اجلاس، مسودے کو مزید مؤثر و قابل عمل بنانے پر زور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اہم اجلاس زرعی انکم ٹیکس 2025 کے مجوزہ ڈرافٹ کی جملہ ترجیحات و تجاویز کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر قانون، داخلہ و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے کی، جس میں متعلقہ حکام اور افسران نے شرکت کی۔

کراچی: سی آئی اے پولیس کی کامیاب کارروائیاں، عادی جرائم پیشہ تین ملزمان گرفتار، منشیات، اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد

اجلاس کے دوران چیئرمین سندھ بورڈ آف ریونیو (ایس آر بی) نے ڈرافٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں زرعی انکم ٹیکس کا قانونی ڈھانچہ یکساں ہے، تاہم اس کی وصولی اور نفاذ کا طریقہ کار مختلف ہے۔

اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس 2025 رولز کے مسودے پر غور و خوض کیا گیا اور متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر ضیاء الحسن لنجار نے اس موقع پر کہا کہ مجوزہ ڈرافٹ میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے اور اسے قانونی جانچ پڑتال کے بعد مزید جامع اور قابل عمل بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت دی کہ مسودے کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ایک تفصیلی اور جامع تجاویز و سفارشات پر مبنی ڈرافٹ تیار کر کے جلد وزیراعلیٰ سندھ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

صوبائی وزیر حاجی علی حسن زرداری نے اجلاس میں سفارش کی کہ زرعی انکم ٹیکس ریٹرن کا فارمیٹ آسان اور سادہ بنایا جائے تاکہ چھوٹے کسان بھی با آسانی اسے سمجھ سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ مشاورتی عمل کے بعد نیا ترمیم شدہ مسودہ حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، تاکہ زرعی ٹیکس نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور کسان دوست بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!