کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے آرٹس کونسل آف پاکستان (نیو کراچی، ڈسٹرکٹ سینٹرل) میں آرٹ کلاسز کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین یو سی 9 حنظہ انور قریشی، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین عمران فقیر، آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن شکیل احمد خان، بشیر صدوزئی، شاہد معین الدین، علاقہ معززین، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔9 مئی ہنگامہ آرائی کیس: احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کے 32 کارکنان کو 10،10 سال قید
چیئرمین محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی میں آرٹس کونسل کی یہ عمارت طویل عرصے سے غیر فعال تھی، مگر اب یہاں آرٹ بلاک کا آغاز ہو چکا ہے، جو نوجوانوں کے لیے ایک مثبت اور تخلیقی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں تدریسی سرگرمیوں کی بحالی سے نوجوانوں کو معاشرتی طور پر فعال اور تخلیقی کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
چیئرمین نے ادارے کی بحالی اور آرٹ کلاسز کے اجرا میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شکیل احمد خان، بشیر صدوزئی اور شاہد معین الدین کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور گرمیوں کی تعطیلات میں آرٹس کونسل ایک بامقصد پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین محمد یوسف نے آرٹس کونسل میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اور ماحولیاتی بہتری کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میدان میں منی فوریسٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا، جس کے تحت سینکڑوں پودے اور درخت لگائے جائیں گے۔
آخر میں طلبہ و طالبات کے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش بھی کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
