کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے دادو پولیس کی جانب سے بدنام زمانہ ڈاکو وِچھوں چانڈیو کو انجام تک پہنچانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اسے سندھ پولیس کی ایک بڑی اور اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد، سربراہ پاک بحریہ سے اہم ملاقات
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وِچھوں چانڈیو گزشتہ دو دہائیوں سے سندھ کے امن کے لیے مستقل خطرہ بنا ہوا تھا اور پولیس اہلکاروں کے قتل، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ اس کے خلاف 55 سے زائد مقدمات درج تھے اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ وِچھوں چانڈیو کی سرپرستی میں چلنے والے جرائم پیشہ گینگز نے شمالی سندھ کے عوام کو کئی سالوں تک خوف و دہشت میں مبتلا کیے رکھا، تاہم دادو پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اسے کامیابی سے انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس آپریشن کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پولیس نے انتہائی مہارت، بہادری اور منصوبہ بندی سے کارروائی مکمل کی۔ وزیر داخلہ نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی فورس کی جرأت، محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے دشمن تمام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور سندھ کو پرامن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
