جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل 15 گھنٹے سے زائد موسلا دھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے انخلا کا عمل شروع کر دیا ہے۔
Thursday, 17th July 2025
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو اور دیگر ادارے ہنگامی بنیادوں پر متحرک ہو گئے ہیں۔ ترجمان واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جو کٹاریاں میں 21 فٹ اور گوالمنڈی میں 20 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں اب تک 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 235 ملی میٹر تک بارش ہوچکی ہے۔ سب سے زیادہ بارش راولپنڈی کچہری کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شدید بارشوں کے پیش نظر آج ضلع بھر میں تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ واسا، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اداروں سے مکمل تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
شدید بارش کے باعث مری روڈ، کمیٹی چوک انڈر پاس، جامع مسجد روڈ اور اقبال روڈ سمیت کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پر خطرے کے سائرن بجائے گئے اور گوالمنڈی پل پر پاک فوج کے اہلکار بھی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچ گئے ہیں۔
ادھر چکری روڈ لادیاں گاؤں میں ایک چھت پر پھنسی ہوئی فیملی کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا۔ کئی علاقوں جیسے نیو چاکرا، ٹینچ بھاٹہ، جان کالونی، گرجا روڈ اور محلہ قریشی آباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی میں بارشوں اور سیلابی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے چیف کمشنر اور ایم ڈی واسا سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں "رین ایمرجنسی” نافذ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث 10 گھنٹوں کے دوران 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں شری کٹاس راج کا تالاب بھی سیلاب کی زد میں آ گیا۔ پنوال ڈیم کا بند ٹوٹنے سے متعدد علاقے زیرِ آب آگئے۔ منڈی بہاؤالدین، وہالی زیر، چوآسیدن شاہ، اور دیگر علاقوں میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچائی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید موسلا دھار بارشوں اور نشیبی علاقوں میں طغیانی کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
