کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ایف جی آر ایف (FGRF) اور دعوتِ اسلامی کے اشتراک سے گارڈن ہیڈکوارٹرز ساؤتھ میں شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب میں ڈی آئی جی ٹریفک، ایس ایس پی سٹی، دعوتِ اسلامی کے ریجنل ہیڈ حاجی فضیل عطاری، سید عبدالرزاق عطاری، یعقوب عطاری، امین سوریا، فیضان عطاری، پولیس افسران اور دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔
افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے خود پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ شجرکاری مہم کے تحت ابتدائی طور پر گارڈن ہیڈکوارٹرز میں 200 سے 250 پودے لگائے جائیں گے، جبکہ دیگر پولیس ہیڈکوارٹرز میں بھی اس مہم کو وسعت دی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی نے اس ماحول دوست اقدام پر دعوتِ اسلامی اور FGRF کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ریجنل ہیڈ حاجی فضیل عطاری اور ان کی ٹیم کو کراچی کے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درخت لگانا نہ صرف شہر کو خوبصورت بنانے میں مددگار ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

