کراچی: ہاکس بے کے علاقے میں واقع گدھا گاڑی چوک کے قریب تیز رفتاری اور غفلت کے باعث ایک کار دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ واقعہ آج صبح 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک مرد، ایک خاتون اور دو کم سن بچیاں شامل ہیں۔ حادثے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک مرد، ایک خاتون، ایک بچہ اور ایک بچی شامل ہیں۔
حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی لاپرواہی بتائی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران محتاط رہیں اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
کراچی ٹریفک پولیس – آپ کے سفر میں ہم سفر