کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں امن و امان اور انسدادِ جرائم سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم، گٹکا ماوا، منشیات، قتل، اغواء برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹیگیشن، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی اے، ضلعی ایس ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
پولیس چیف کو اجلاس میں ہائی پروفائل کیسز، ان کی تفتیش میں پیش رفت، اور عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان کیسز کی وجوہات اور شواہد پر انفرادی طور پر بھی تجزیہ کیا گیا تاکہ قانونی کمزوریوں کا ازالہ ممکن ہو سکے۔
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے افسران کو ہدایت دی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائیاں ترجیحی بنیادوں پر تیز کی جائیں اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے مربوط، مؤثر اور جامع حکمت عملی فوری طور پر تیار کی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
