فیریئر ہال میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس کا کمشنر میونسپل کارپوریشن کو خط

کراچی: شہر کے تاریخی فیریئر ہال میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافے پر پولیس نے کمشنر میونسپل کارپوریشن کو خط لکھ کر فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ خط میں چوری کی وارداتوں کی بنیادی وجوہات اور ان کے سدباب کے لیے تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی کارروائی، جعلی سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی پکڑی گئی، ملزم گرفتار

پولیس کے مطابق فیریئر ہال میں باقاعدہ پارکنگ ایریا کی عدم موجودگی موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔ مزید یہ کہ ہال میں قائم غیر قانونی اسٹالز اور پتھاروں سے نہ صرف بدنظمی پیدا ہو رہی ہے بلکہ یہ سیکیورٹی خطرات کا بھی باعث ہیں۔

خط میں پولیس نے نشاندہی کی کہ فیریئر ہال اور اس کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہ ہونا بھی وارداتوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔ پولیس نے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری طور پر منظم پارکنگ ایریا قائم کیا جائے اور اس میں سٹی وارڈنز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ فیریئر ہال میں قائم تمام غیر قانونی اسٹالز اور پتھاروں کے فوری خاتمے، پارک کی حدود میں سیکیورٹی وارڈنز کی تعیناتی، جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے وارڈنز کے گشت میں اضافہ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

پولیس نے تجویز دی ہے کہ فیریئر ہال کے تحفظ کے لیے پولیس اور پارک انتظامیہ کے درمیان موثر ورکنگ کوآرڈینیشن قائم کی جائے تاکہ شہر کے اس تاریخی مقام کو جرائم سے پاک رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!