کراچی: ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والی مشتبہ گاڑی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایس ایس پی ساؤتھ جناب مہظور علی کی ہدایات پر کی گئی، جس کا مقصد جعلی سرکاری نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تھا۔
کراچی: رینجرز اور پولیس کا منشیات فروشوں و گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار
ترجمان کے مطابق، ایس ایچ او کلفٹن کی سربراہی میں ڈیفنس فیز 5 زمزمہ روڈ پر پولیس اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھی کہ ایک کالے رنگ کی انڈس کرولا کو مشتبہ جان کر روکا گیا، جس پر سرکاری نمبر پلیٹ GS-0745 نصب تھی۔
گاڑی کے ڈرائیور محمد اسلام ولد عبدالشکور سے جب کاغذات طلب کیے گئے تو وہ پیش نہ کر سکا، جس پر گاڑی کی تفصیلات چیک کی گئیں۔ نمبر پلیٹ کی جانچ پر معلوم ہوا کہ GS-0745 دراصل حکومتِ سندھ کے ادارہ سندھ ورکر ویلفیئر بورڈ کی 1994 ماڈل سوزوکی سیڈان کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
بعد ازاں چیچس نمبر کے ذریعے گاڑی کی اصل شناخت حاصل کی گئی، تو پتہ چلا کہ اس کا اصلی رجسٹریشن نمبر AAY-124 ہے، یوں تصدیق ہو گئی کہ گاڑی جعلی سرکاری نمبر پلیٹ کے ساتھ استعمال ہو رہی تھی۔
کلفٹن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ کلفٹن میں FIR No. 392/2025 بجرم 170/171 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
