پاکستان جی 20 کا حصہ بنے گا بھارت کو پے لوڈ حملوں کا جواب دیا 6 طیارے مار گرائے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کوالالمپور میں خطاب

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے بھارت کو پہلگام حملے کے بعد تحقیقات کی پیش کش کی، تاہم چار دن گزرنے کے باوجود نئی دہلی نے کوئی جواب نہیں دیا۔
Friday, 11th July 2025

انہوں نے کہا کہ بھارت نے بظاہر پاکستان کا نام نہیں لیا، مگر اقدامات سب پاکستان مخالف تھے۔ پاکستان نے "جیسے کو تیسا” کی پالیسی اپناتے ہوئے بھارتی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ قرار دیا، بھارتی ویزے منسوخ کیے، فضائی حدود بند کی اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا مؤثر جواب دیا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کو کوئی نہیں روک سکتا، نہ ہی اس کا رخ موڑا جا سکتا ہے۔ “پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،” انہوں نے کہا۔

نائب وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ بھارت نے خود سیزفائر کی درخواست کی تھی لیکن اب اس کی سیاسی قیادت اسے ہضم نہیں کر پا رہی۔ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اس بار بھارتی بیانیہ کو عالمی سطح پر ناکام بنایا، 29 ممالک سے براہ راست رابطے کیے گئے اور واضح کیا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے، مجرم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیے، لیکن افغان سرحد کھولنے، جیلوں سے دہشتگردوں کی رہائی اور “چائے پینے” جیسے بیانات نے ریاست کی پوزیشن کو کمزور کیا۔ اب دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے معاشی سفارت کاری کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب روایتی سفارت کاری نہیں بلکہ معیشت پر فوکس کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 8ویں بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہوا، اس بار 182 ووٹس سے کامیابی حاصل کی گئی، جو دنیا میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔

جی 20 میں شمولیت کو پاکستان کا اگلا ہدف قرار دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے زور دیا کہ معاشی اصلاحات اور عالمی سطح پر مضبوط رابطے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

دفاعی معاملات پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی پائلٹس کو واضح ہدایت تھی کہ بھارتی طیارے اگر پاکستانی حدود میں داخل نہ ہوں تو انہیں نہ چھیڑا جائے، لیکن اگر وہ حملہ کریں تو واپس نہ جانے دیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے، جن میں 4 رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔

آخر میں انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو "پاکستان کے سفیر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت شدید بحران کا شکار رہی، لیکن اس کے باوجود ہم نے ’ٹیک آف‘ کر لیا ہے۔ آئی ایم ایف ریفارمز پروگرام کی کامیاب تکمیل پاکستان کی اقتصادی تاریخ میں پہلا موقع ہے، اور حکومت اب جی 20 میں شمولیت کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

One thought on “پاکستان جی 20 کا حصہ بنے گا بھارت کو پے لوڈ حملوں کا جواب دیا 6 طیارے مار گرائے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کوالالمپور میں خطاب

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!