کراچی (10 جولائی 2025) — ساؤتھ زون پولیس نے منشیات فروشوں اور جعلی سرکاری نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت اقدامات کی ہدایات دی گئیں۔
کراچی: گلشن اقبال بلاک 10-A میں ڈکیتی کی واردات، نوجوان چوتھی بار لٹ گیا، شہری خوفزدہ
اجلاس میں ایس ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ایس آئی اوز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے ہدایت دی کہ منشیات کے استعمال کنندگان اور ان کے سپلائرز کے خلاف منظم، موثر اور نتیجہ خیز کارروائیاں کی جائیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے حکم دیا کہ منشیات کے اڈوں پر آرگنائزڈ ریڈز کیے جائیں، ایس ایس پیز ان کی براہِ راست نگرانی کریں، اور ایس ایچ اوز 18 گھنٹے سڑکوں پر متحرک رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں، اور جن جرائم پیشہ گینگز کو ختم کیا گیا ہے ان کی باقی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔ منشیات کے کیسز متعلقہ ایس ایچ اوز خود اپنی نگرانی میں رجسٹر کریں اور ہر کیس میں ڈیجیٹل شہادت شامل کی جائے۔
کارروائیوں کے دوران باڈی وارن کیمروں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا جبکہ پیٹرولنگ افسران کو روزانہ بریفنگ دینے اور ان کی کارکردگی مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ غیرقانونی گیسٹ ہاؤسز پر فوری ریڈ اور سیلنگ کے احکامات دیے گئے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے آن لائن ڈرگ ڈیلرز کی سرگرمیوں پر بھی خصوصی فوکس رکھنے اور ان کے بینک ریکارڈ تک رسائی کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
پاک کالونی اور جہان آباد میں منشیات کے اڈوں کے خلاف حالیہ کارروائیوں کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔ ڈی آئی جی نے زور دیا کہ منشیات سے پاک کیے گئے علاقوں میں مستقل چیک پوسٹیں قائم کی جائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر دوبارہ فعال نہ ہو سکیں۔
جعلی سرکاری نمبر پلیٹس اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ چیکنگ کے دوران لیڈی سرچرز کو لازمی طور پر ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
