کور کمانڈرز کانفرنس: بھارتی پراکسیز کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں پر اتفاق، شہداء کو خراجِ عقیدت

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملکی سلامتی، علاقائی صورتِ حال اور دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

درآمدی ایل این جی کی فراوانی، گھریلو گیس کنکشنز پر پابندی ختم کرنے پر غور

کانفرنس کے آغاز میں بھارتی سپانسرڈ پراکسیز کے حالیہ حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ملک کے عوام کی حفاظت اور سلامتی پاک افواج کی اولین ترجیح ہے۔ فورم نے زور دیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف ہر سطح پر جامع اور فیصلہ کن کارروائیاں ناگزیر ہیں۔

شرکائے کانفرنس نے کہا کہ بھارت، پہلگام واقعے میں ناکامی کے بعد اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند کے تحت پراکسیز کے ذریعے اپنے مذموم عزائم کو بڑھا رہا ہے۔

فورم کو آرمی چیف کے ہمراہ وزیر اعظم کے حالیہ کامیاب غیرملکی دوروں، جن میں ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور یو اے ای شامل ہیں، سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف کے منفرد اور اہم دورۂ امریکا کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جس میں پاکستان کا مؤقف اعلیٰ امریکی قیادت کے سامنے پیش کیا گیا۔

کانفرنس میں مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی تازہ پیش رفت کے تناظر میں پاکستان کی داخلی و خارجی سلامتی کا جامع جائزہ لیا گیا۔ فورم نے طاقت کے استعمال کو عالمی پالیسی ٹول کے طور پر اختیار کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اور اس رجحان کو پاکستان کے لیے خود انحصاری اور قومی اتحاد کی اہمیت کا واضح اشارہ قرار دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی بلاک پولیٹکس کے فروغ کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دوطرفہ کشیدگی میں تیسرے فریق کو شامل کر کے اپنے خود ساختہ نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھا رہا ہے، حالانکہ دنیا بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہا پسندی سے نالاں ہے۔

فورم کو جنگ کی بدلتی نوعیت، ابھرتے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمت عملی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ بندی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آخر میں، فیلڈ مارشل نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے ساتھ تینوں افواج کی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے ملک کو درپیش تمام خطرات کے خلاف پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

60 / 100 SEO Score

One thought on “کور کمانڈرز کانفرنس: بھارتی پراکسیز کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں پر اتفاق، شہداء کو خراجِ عقیدت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!