لاہور میں آج صبح سے جاری موسلا دھار بارش نے شہر میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں تقریباً آٹھ گھنٹے جاری رہنے والی مسلسل بارش کے دوران اوسطاً 136 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، سعودی عرب سے آیا نوجوان جاں بحق
بارش کے دوران نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر جبکہ اقبال ٹاؤن اور پانی والا تالاب کے علاقوں میں 175 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور نکاسی آب کا بڑا چیلنج سامنے آ گیا۔
صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واسا، پی ڈی ایم اے، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو فوری ہدایات جاری کیں اور خود نکاسی آب کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ شروع کر دی۔
علامہ اقبال ٹاؤن، نشتر ٹاؤن سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں واسا کی خصوصی ٹیمیں روانہ کی گئیں، جو بجلی کی بار بار بندش کے باوجود نکاسی آب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو بھی ہدایات دیں کہ مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انتظامیہ، واسا، پی ڈی ایم اے اور دیگر محکمے مسلسل رابطے میں ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔
