شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی ایک اور دل دہلا دینے والی واردات سامنے آ گئی۔ اورنگی ٹاؤن نمبر ایک کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 24 سالہ نوجوان جبران ولد جمعہ جاں بحق ہو گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا جامعہ آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد کا دورہ، کشمیری طلبہ کا والہانہ استقبال
ریسکیو ذرائع کے مطابق جبران کو سینے پر گولی ماری گئی، جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول گزشتہ ہفتے سعودی عرب سے کراچی آیا تھا، جہاں وہ روزگار کے سلسلے میں مقیم تھا۔ وہ والد کے انتقال کے بعد تعزیت کے لیے وطن واپس آیا تھا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جبران اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے محنت مزدوری کرتا تھا اور اپنے والد کی وفات کے بعد خاندان کا واحد سہارا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے دوران ملزمان نے اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، جبران نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔