اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دس محرم الحرام تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن ہے جو صبر، قربانی اور اصولوں پر ثابت قدمی کا ایسا درخشاں سبق دیتا ہے جو قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
محرم الحرام: ضلع ساؤتھ پولیس کا جلوسوں کے روٹس پر مؤثر کومبنگ و سرچ آپریشن
وزیراعظم نے کہا کہ میدانِ کربلا میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ نے اپنے خاندان اور جانثار رفقاء کے ہمراہ سچائی، عدل اور دین کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا مگر باطل کے آگے سر نہ جھکایا۔ یہ معرکہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام ہے کہ حق کا راستہ مشکل ضرور ہوتا ہے، لیکن اسی میں اللہ کی رضا، دلوں کا اطمینان اور دائمی فلاح چھپی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت ہمیں سکھاتی ہے کہ اصولوں کی حفاظت، عدل و انصاف کی حمایت، مظلوم کا ساتھ دینا، اور حق گوئی جیسے اوصاف دین اسلام کی اصل روح ہیں۔ یہ پیغام کسی مخصوص وقت یا حالات تک محدود نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج جب پاکستان کو معاشی، معاشرتی اور قومی یکجہتی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، تو ہمیں پہلے سے بڑھ کر امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔ انفرادی کردار سے لے کر ریاستی پالیسیوں تک اگر ہم کربلا کے پیغام کی روشنی میں اپنی سمت کا تعین کریں، تو پاکستان ایک فلاحی، باوقار اور انصاف پسند ریاست بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی امت مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہے، جسے ہمیں اتحاد، محبت، رواداری اور خیرخواہی کے فروغ کا ذریعہ بنانا چاہیے۔ یوم عاشورہ ہمیں یہ عہد لینے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں حق و صداقت کو شعار بنائیں، ظلم کے خلاف آواز بلند کریں، اور پاکستان کو امن و عدل کا گہوارہ بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے، اور ہمیں ایسی حکمت و بصیرت دے جو ہمیں ایک روشن، خوددار اور باوقار مستقبل کی جانب لے جائے۔
