کراچی (کرائم رپورٹر): کورنگی انڈسٹریل ایریا میں شہری کی جرات مندانہ کارروائی میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جو 17 سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مرنے والے ڈاکو جمیل پر دہشتگردی، اقدام قتل، پولیس مقابلے، منشیات اور ڈکیتی کے مقدمات درج تھے۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق شہری وقاص اپنے دوست کے ہمراہ ڈیفنس جا رہا تھا کہ کورنگی سروس روڈ پر گاڑی روکتے ہی ایک ڈاکو ان پر جھپٹ پڑا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فاصلے پر کھڑا تھا۔ ڈاکو نے اسلحہ دکھا کر دونوں سے موبائل فونز اور پرس چھین لیے۔
شہری وقاص نے بیان میں کہا:
"جیسے ہی ڈاکو لوٹ کر جانے لگا، میں نے اپنی لائسنس یافتہ پستول نکال کر فائرنگ کی۔”
فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکو موقع پر ہی زخمی ہو کر گر گیا۔ اطلاع ملنے پر علاقہ مکین اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکو کے قبضے سے شہریوں کے چھینے گئے موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔ وقاص کا کہنا تھا کہ
"ایک ماہ قبل میرے بھائی سے 110 سی سی موٹر سائیکل بھی چھینی گئی تھی، ہم کب تک خاموش رہیں؟”
شہری نے واضح کیا کہ اس نے اپنے دفاع میں اسلحہ استعمال کیا اور کسی بھی قسم کی زیادتی نہیں کی۔
پولیس نے ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
