بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ ایشیا کپ 2025، جو باضابطہ طور پر بھارت کی میزبانی میں منعقد ہونا ہے، سیاسی کشیدگی کے باعث کسی غیر جانبدار مقام، غالباً متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، میں کرایا جائے گا۔
بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس جزوی بحال فواد اور ماہرہ اب بھی بلاک
ذرائع کے مطابق، ٹورنامنٹ کا آغاز 4 یا 5 ستمبر کو متوقع ہے جبکہ کرکٹ کے دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹاکرا 7 ستمبر کو دبئی میں متوقع ہے، جو کہ گروپ اسٹیج کا حصہ ہوگا۔ اگر دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچتی ہیں تو دوسرا ممکنہ مقابلہ 14 ستمبر کو ہوگا۔
ایشیا کپ 2025 ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جس کا فائنل 21 ستمبر کو متوقع ہے۔ ایونٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی: پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور میزبان کی حیثیت سے یو اے ای۔
اگرچہ بھارت کو میزبان نامزد کیا گیا ہے، تاہم اس نے پاکستان کے ساتھ جاری سیاسی تناؤ کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو بھارت سے باہر، یعنی نیوٹرل وینیو پر کرانے کی تجویز دی ہے، جسے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اندر سنجیدگی سے زیر غور لایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی بھارت نے 2023 میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے پر اصرار کیا تھا، جس کے بعد ٹورنامنٹ ’ہائبرڈ ماڈل‘ پر منعقد ہوا تھا۔
شائقین کرکٹ خصوصاً پاک بھارت مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جو ہمیشہ سے ایشیا کپ جیسے ٹورنامنٹس کا سب سے بڑا مرکزِ نگاہ ہوتے ہیں۔
