کراچی (اسٹاف رپورٹر) محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے تھانہ ملیر سٹی میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے جلوسوں، مجالس، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔
کراچی: چار روز بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال، شہر کو پانی کی فراہمی معمول پر
پولیس ترجمان کے مطابق، یہ کنٹرول روم ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی اور ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کی خصوصی ہدایات پر قائم کیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی کو ہر لحاظ سے فول پروف بنایا جا سکے۔
سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید وائرلیس نظام کے ذریعے جلوس کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں، امام بارگاہوں اور حساس علاقوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ تربیت یافتہ پولیس اہلکار اور لیڈی کانسٹیبلز کنٹرول روم میں تعینات ہیں جو بدلتی صورتحال کی بروقت اطلاع اعلیٰ افسران کو فراہم کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ مشکوک سرگرمیوں پر فوری ردعمل کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔
