جامعہ این ای ڈی کا 22 کروڑ 32 لاکھ روپے خسارے کا بجٹ پیش، عالمی سطح پر کامیابیوں کا اعتراف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) — جامعہ این ای ڈی کا مالی سال 2025-26 کا 22 کروڑ 32 لاکھ روپے خسارے کا بجٹ جامعہ کے 33ویں سینٹ اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل نے کی جبکہ سیکریٹری سائنس، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نور احمد سموں اور سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن معین صدیقی بھی شریک ہوئے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا نشتر پارک، انچولی اور المحسن امام بارگاہوں کا سیکیورٹی جائزہ

اجلاس میں سال 2023-24 کے سالانہ آڈٹ اکاؤنٹس، سال 2024-25 کی رپورٹ اور سال 2025-26 کے بجٹ کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گزشتہ سال کا 32 کروڑ 8 لاکھ کا خسارے کا بجٹ حکومت سندھ کی مالی مدد سے متوازن ہوا اور سال کا اختتام 17 لاکھ روپے کی بچت کے ساتھ ہوا۔

نئے بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 6 ارب 4 کروڑ 81 لاکھ روپے جب کہ اخراجات 6 ارب 27 کروڑ 14 لاکھ روپے سے زائد ہیں، جو کہ 22 کروڑ 32 لاکھ روپے کے خسارے کی نشاندہی کرتا ہے۔

ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینئرنگ ڈاکٹر سعد قاضی نے یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کو ٹائمز ہائیر ایجوکیشن ورلڈ امپیکٹ رینکنگ میں دنیا کی 600 بہترین جامعات میں شامل کیا گیا، جب کہ "معیاری تعلیم” اور "صنعت و جدت” کے زمروں میں یہ دنیا کی 200 بہترین جامعات میں جگہ حاصل کر چکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ این ای ڈی کے تعلیمی پروگرامز کی تعداد 117 ہوچکی ہے، جن میں گزشتہ سال 11,589 طالب علموں نے داخلہ لیا۔ سالانہ کانووکیشن میں 1,930 طلبا کو ڈگریاں دی گئیں جن میں 20 پی ایچ ڈی اسکالرز بھی شامل تھے۔ مجموعی طور پر 378 ملین روپے کی اسکالرشپس اور فیلوشپس فراہم کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق جامعہ میں 244 پی ایچ ڈی ہولڈرز سمیت 518 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ اس سال 233 تحقیقی منصوبے زیر عمل رہے جن کی مجموعی لاگت تقریباً 2 ارب روپے ہے۔ جامعہ میں تحقیقاتی مراکز کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے اور 13 بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا گیا۔

اس کے علاوہ عالمی بینک کی معاونت سے ماحولیاتی و سماجی پائیداری مرکز (CESS) کے قیام، ٹیکنالوجی پارک اور پبلک ہیلتھ اینڈ واٹر انسٹیٹیوٹ کی ترقیاتی سرگرمیوں پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

WhatsApp Image 2025 06 30 at 9.31.04 PM

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!