کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کراچی پولیس کی جانب سے شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی میں ضلعی پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کے ساتھ 30 پولیس مقابلے ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلوں میں 9 ڈاکو ہلاک جبکہ 34 زخمی ڈاکوؤں سمیت مجموعی طور پر 44 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 48 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 21 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔
ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں جاری آپریشنز کے دوران پولیس نے 848 سے زائد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا، جن میں اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروش اور دیگر مطلوب افراد شامل تھے۔
منشیات کے خلاف جاری مہم میں پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی 57 کلو 784 گرام چرس، آئس/کرسٹل اور ہیروئن برآمد کی۔
پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 110 سے زائد غیر قانونی ہتھیار بمعہ ایمونیشن بھی تحویل میں لیے، جو شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں میں استعمال کیے جا رہے تھے۔
علاوہ ازیں، شہر کے مختلف علاقوں سے چھینی اور چوری شدہ 36 موٹر سائیکلیں اور 2 بڑی گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
