شکارپور — آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے شکارپور پولیس کی جرأت مندانہ اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکوؤں کے خلاف کچے میں نمایاں
کارروائیاں انجام دینے والی ٹیم کو اعزازات سے نوازا گیا۔
عزیز بھٹی پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم گرفتار، غیر قانونی اسلحہ برآمد
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب نے ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ اور ان کی ٹیم کی بہادری، جانفشانی اور دیانتداری سے کی گئی کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی آئی جی لاڑکانہ کے مطابق لاڑکانہ رینج کے 18 ہزار اہلکاروں میں سے شکارپور پولیس کے 50 افسران و جوانوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی، جو نہ صرف قابلِ فخر ہے بلکہ دیگر اہلکاروں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے ان افسران کو سی سی ون سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات دیے گئے۔ ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے کہا کہ افسران کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے، بلکہ یہ پیغام بھی دیا جاتا ہے کہ پولیس میں بہترین کارکردگی کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔
انہوں نے ڈی ایس پی پارس بکھرانی (سب ڈویژن سٹی) اور ڈی ایس پی ظہور سومرو (سب ڈویژن گڑھی یاسین) کی مسلسل محنت سے جرائم کی شرح میں کمی کو سراہتے ہوئے انہیں بھی خصوصی شاباش دی۔
آخر میں ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پیشہ ورانہ انداز میں خدمات انجام دینے والے افسران و جوان پولیس کا اصل سرمایہ ہیں، اور ان کی حوصلہ افزائی کا عمل مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
