کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیر منصوبہ بندی و توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت ایس تھری منصوبے کے تحت کراچی میں جاری ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس ٹی ون اور ٹی پی 3 سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نجم شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سی ای او احمد علی صدیقی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں ایس تھری منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں پلانٹس کی تعمیر، استعداد، فنڈنگ اور تکمیل کی مدت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزراء نے ہدایت دی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کراچی میں گندے پانی کی صفائی کے نظام کو مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایس تھری منصوبہ کراچی کے ماحولیاتی مسائل کے حل میں سنگِ میل ثابت ہوگا، جبکہ سعید غنی نے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو شہری صحت اور ماحول کی بہتری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
