تہران (نمائندہ خصوصی) — ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے حالیہ ایران-اسرائیل تنازعے میں صہیونی ریاست کے خلاف ایرانی کارروائی کو ایک تاریخی اور عظیم الشان فتح قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی عوام نے اس جنگ میں جس اتحاد، شجاعت اور فہم و بصیرت کا مظاہرہ کیا، وہ دشمن کے تمام منصوبوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا، "ہماری نو کروڑ کی قوم ایک آواز اور ایک صف میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور دنیا کو دکھا دیا کہ وقت آنے پر ایرانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن سکتی ہے۔”
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت کے بڑے بڑے دعوے اور جدید دفاعی نظام ایرانی حملوں کے سامنے بے اثر ثابت ہوئے، اور یہ صرف عسکری نہیں بلکہ ایمانی قوت کی جیت ہے۔ ان کے بقول، ایرانی افواج نے صہیونی ریاست کے کثیر سطحی دفاعی نظام کو توڑ دیا اور دنیا پر واضح کر دیا کہ اللہ پر ایمان، قومی وحدت اور عزم و حوصلہ کسی بھی عسکری طاقت پر غالب آ سکتا ہے۔
امریکا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکا صرف اسرائیل کو بچانے کی ناکام کوشش میں جنگ میں کودا، لیکن اس کے باوجود اسے کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کبھی بھی سرنڈر نہیں کرے گا اور اس کی قوت اس کے ایمان اور عزم سے جڑی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب کے اختتام پر ایرانی عوام، مسلح افواج اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور اس فتح کو ملتِ ایران کی صدیوں پرانی جدوجہد کا تسلسل قرار دیا۔
