بینفیکا نے منگل کو کلب ورلڈ کپ میں بائرن میونخ کو 0-1 سے شکست دے کر گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے آخری 16 میں جگہ بنالی۔ امریکہ کے شہر شارلٹ میں شدید گرمی کے دوران کھیلے گئے میچ میں آندریاس شیجیلڈرپ نے 13ویں منٹ میں واحد گول کیا، جو فریڈرک اورنس کے کٹ بیک پر اسکور ہوا۔
آکلینڈ سٹی کا تاریخی کارنامہ بوکا جونیئرز کے خلاف کلب ورلڈ کپ میں 1-1 سے ڈرا
بائرن نے دوسرے ہاف میں ہیری کین اور مائیکل اولیس کو متعارف کرایا اور دباؤ بڑھایا، لیکن بینفیکا کے گول کیپر اناتولی ٹروبِن کی شاندار کارکردگی نے انہیں گول کرنے سے روکے رکھا۔
یہ بینفیکا کی بائرن کے خلاف 14 مقابلوں میں پہلی فتح تھی۔ بینفیکا اب آخری 16 میں چیلسی یا ایسپرنس کا سامنا کرے گا جبکہ بائرن فلیمنگو سے کھیلے گا۔
دوسری جانب آکلینڈ سٹی نے بوکا جونیئرز کے خلاف 1-1 سے ڈرا کرکے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو حیران کر دیا۔ نیوزی لینڈ کی شوقیہ ٹیم، جسے اس سے قبل بائرن سے 10-0 اور بینفیکا سے 6-0 کی ذلت آمیز شکست کا سامنا تھا، اس بار ڈٹ کر کھیلی۔
بوکا کو برتری اس وقت ملی جب آکلینڈ کے گول کیپر نیتھن گیرو نے بدقسمتی سے اپنے ہی گول میں گیند ڈال دی، لیکن دوسرے ہاف میں کرسچن گرے کے ہیڈر نے مقابلہ برابر کر دیا۔
آکلینڈ کے کوچ پال پوسا نے کہا، "یہ نتیجہ اوشیانا فٹبال کے لیے فخر کا باعث ہے۔ ہماری ٹیم کا دل بڑا ہے اور ہم نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہم ہار ماننے والوں میں سے نہیں ہیں۔”
